رؤف حسن کو 2 روزہ مزید ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا

July 28, 2024

اسکرین گریب

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن اور دیگرملزمان کو 2 روزہ مزید ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

رؤف حسن کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ایف آئی اے نے اسلام آباد میں ڈیوٹی جج مرید عباس کی عدالت میں پیش کیا تھا۔

عدالت نے سیدہ عروبہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

جج مرید عباس نے کہا کہ رؤف حسن اور دیگر کے جسمانی ریمانڈ میں منگل 30 جولائی تک توسیع دی جاتی ہے۔

ایف آئی اے نے رؤف حسن اور دیگر ملزمان کے 8 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریکارڈ میں ریاست مخالف ویڈیوز کے ٹرانسکرپٹ لگائے گئے ہیں، مزید ریکوری کے لیے مزید 8 دن کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے، پیکا ایکٹ کے تحت 30 دن کا ریمانڈ حاصل کرسکتے ہیں، جب تک ملزمان کی کسٹڈی نہیں ہوگی تو ہم انکوائری کیسے کریں گے۔

جج مرید عباس نے سوال کیا کہ رؤف حسن کا انڈیا سے ویزا یا ٹکٹ بھی آیا ہے؟

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ جی رؤف حسن کا بھارت سے سفری ٹکٹ آیا ہے۔

جج مرید عباس نے سوال کیا کہ رؤف حسن صاحب، آپ کبھی بھارت گئے ہیں؟ راحول نامی بندے کے ساتھ آپ کی چیٹ ہے، اس کا اقرار کرتے ہیں؟

رؤف حسن نے عدالت کو بتایا کہ جی راحول انگلینڈ میں رہتا ہے اس نے گیسٹ اسپیکر کے طور پر مجھے بحرین بلایا تھا، دسمبر 2023ء میں بحرین بلایا تھا، میں کنگ کالج لندن کا سینئر فیلو ہوں۔

پی ٹی آئی کے علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ روز ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا.

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ عروبہ پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کو ہینڈل کرتی ہیں، انہوں نے ابھی تک اکاؤنٹس کو سرنڈر نہیں کیا۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ خاتون ایک ملازم کے طور پر پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہینڈل کرتی ہے، ہاسٹل سے گرفتار کیا جو قانون کے خلاف ہے، ایف آئی اے سیدہ عروبہ کو نوٹس بھی کرسکتی تھی، رؤف حسن کینسر سے لڑچکے ہیں اور عمر رسیدہ ہیں۔

علی بخاری ایڈووکیٹ نے رؤف حسن سمیت دیگر کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کر دی۔

رؤف حسن نے کہا کہ جس مقدمے میں مجھے گرفتار کیا گیا وہ میرے دائرہ اختیار میں آتا ہی نہیں، میری ذمے داری الیکٹرانک میڈیا سے ڈیل کرنا ہے، ذلفی بخاری پی ٹی آئی کے لیے انٹرنیشنل میڈیا دیکھتے ہیں، اس کیس میں جو مجھ پر الزام لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔

یاد رہے کہ رؤف حسن اور دیگر کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سیدہ عروبہ کو بھی جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا ہے،سیدہ عروبہ کو گزشتہ روز ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن اور دیگر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی سکریٹریٹ میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل کے مرکزی دفتر پر چھاپا مار کر رؤف حسن کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا مرکز بنا ہوا تھا، پاکستان مخالف اور ملکی سالمیت کے خلاف پروپیگنڈا بھی چلایا جاتا تھا۔