کے پی حکوت کا جوڈیشل کمیشن کیلئے عدالت جانا اپنے جرائم کا اعتراف کرنے کے مترادف ہے، عظمیٰ بخاری

July 28, 2024

فائل فوٹو

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کا جوڈیشل کمیشن کے لیے عدالت جانا اپنے جرائم کا اعتراف کرنے کے مترادف ہے۔

ایک بیان میںعظمیٰ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کی ناکام بغاوت کی درجنوں ویڈیوز، تصویریں اور آڈیوز بطور ثبوت موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن ہمیشہ پوشیدہ اور وضاحت طلب معاملات پر بنتے ہیں، 9 مئی کی ناکام بغاوت ملک کے خلاف ایک سازش تھی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کی بغاوت کے تمام کردار اس کے سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ کون ہیں حقیقت عیاں ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر قانون خیبر پختونخوا آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے لیے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو خط بھیج دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خط میں 9 مئی واقعات سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے قیام کی استدعا کی ہے۔