ہیپاٹائٹس کیخلاف فوری کام کرنا ہوگا، وزیرِ اعظم شہباز شریف

July 28, 2024

فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس کی روک تھام کے لیے فوری کام کرنے کی ضرورت ہے، تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

ہیپاٹائٹس سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش وبا ہے جو دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بر وقت علاج نہ کیا جائے تو ممکنہ طور پر شدید پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں، پاکستان میں ایک بہت بڑی آبادی ہیپاٹائٹس سی انفیکشن سے متاثر ہے، بحیثیت قوم ہمیں ہیپاٹائٹس کی روک تھام کو ترجیح دینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بیماری کو ختم کرنے اور صحتمند مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، حکومت ہیپاٹائٹس کی وجہ سے درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ہر شہری کو ہیپاٹائٹس سی کے لیے اسکریننگ اور علاج کی سہولیات تک مفت رسائی حاصل ہو گی۔