حیدرآباد: بجلی منقطع کرنے کیخلاف احتجاج پر دو مقدمات درج

July 28, 2024

فوٹو اسکرین گریپ

حیدرآباد میں گذشتہ روز بجلی منقطع کیے جانے کے خلاف احتجاج پر 2 الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے مظاہرین کے خلاف درج مقدمے ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گذشتہ روز شہباز چوک پر بقایا جات کی عدم ادائیگی پر پیون کالونی کے بجلی کنکشن منقطع کرنے پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا تھا، مظاہرین نے شہباز بلڈنگ چوک پر گاڑیوں پر پتھراؤ کیا، جس سے پولیس اہلکار اور لائن مین زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی ہوائی فائرنگ کی گئی۔

ترجمان حیسکو کے مطابق پیون کالونی پر 19 ملین روپے کے واجبات ہیں،جس کی وجہ سے کنکشن منقطع کیے گئے۔ پولیس نے 20 مظاہرین کو گرفتار بھی کیا، جس کے بعد تھانہ کینٹ پر ایک ایف آئی آر سرکار کی مدعیت میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کی گئی۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر میں 100 لوگوں کا اندراج کیا جا رہا ہے، وزیر توانائی بتائیں کہ ان کے اپنے علاقے میں کتنے لوگ بل بھر رہے ہیں۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے مظاہرین کے خلاف درج ایف آئی آر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔