ایف آئی اے افسران کی از خود غیر ملکی سرکاری افسران سے ملاقات پر پابندی

July 29, 2024

کراچی (اسد ابن حسن) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے اپنے تمام افسران پر غیر ملکی سرکاری اداروں کے افسران سے از خود ملاقات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیڈ کوارٹر جان محمد نے اس حوالے سے تمام ایڈیشنل ڈائریکٹرز، زونل ڈائریکٹرز اور تمام ڈائریکٹرز کو خطوط ارسال کر دیے ہیں۔ فیصلہ ان اطلاعات کے تناظر میں کیا گیا ہے کہ ایف آئی افسران از خود ہی غیر ملکی سرکاری افسران سے ملاقاتیں کرتے تھے۔ مراسلے میں مزید تحریر کیا گیا ہے کہ جو غیر ملکی سرکاری افسران پاکستان آتے ہیں خاص طور پر انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ، یونائٹڈ نیشن آفس آن ڈرگس اینڈ کرائم، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن اور یونائٹڈ اسٹیٹس ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس سے تعلق رکھنے والے افسران کی جب بھی پاکستان آمد ہوتی ہے تو وہ اپنا پروگرام شیڈول کر کے آتے ہیں اور ادارہ فیصلہ کرتا ہے کہ کون سے افسران سے ملاقات کروائی جائے۔ لہذا مستقبل میں کوئی بھی ایف آئی افسر از خود ملاقات کا مجاز نہیں ہوگا۔ اگر ملاقات ناگزیر ہوگی تو ملاقات کرنے والا افسر ایک صفحے کا بریف تیار کر کے ڈائریکٹر جنرل اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کو بھیج کر پہلے اجازت لے گا۔ خلاف ورزی کی صورت میں محکمہ جاتی کاروائی کی جائے گی۔