پیرس: اولمپکس میں شریک تین اسرائیلی ایتھلیٹس کی سیکیورٹی سخت

July 29, 2024

--- فائل فوٹو

اولمپکس میں شریک تین اسرائیلی ایتھلیٹس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس کے پیش نظر ان کیسیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں جاری اولمپکس کھیلوں میں شریک تین اسرائیلی ایتھلیٹس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد فرانسیسی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جان لیوا دھمکیوں کے پیش نظراسرائیلی ایتھلیٹس کو سخت سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔

فرانسیسی پراسیکیوٹرز کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی ایتھلیٹس کو دھمکی آمیز ای میلز بھیجی گئی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اینٹی سائبر کرائم کے افسران اسرائیلی ایتھلیٹس کی ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر جاری کئے جانے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اسے ہٹانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حکام نے اپنے ایتھلیٹس کے ذاتی ڈیٹا کے سوشل میڈیا پر جاری کرنے کا الزام ایرانی ہیکرز پر عائد کیا ہے۔

اسرائیل کے وزیر خارجہ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کو پیرس اولمپکس کے دوران اسرائیلی ایتھلیٹس اور سیاحوں کو نشانہ بنانے کے خدشات سے آگاہ کیا ہے۔

ادھر اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے اسرائیلی الزامات کی تردید کی ہے۔

فرانسیسی حکام کے مطابق کھیلوں میں حصہ لینے والے اسرائیلی ایتھلیٹس کو ایلیٹ ٹیکٹیکل یونٹس کے ذریعے ایونٹس میں لے جایا جا رہا ہے اور انہیں اولمپکس کے دوران 24 گھنٹے تحفظ بھی دیا جا رہا ہے جبکہ اسرائیلی خفیہ ادارے شین بیت کے ارکان بھی اسرائیلی ایتھلیٹس کو سیکیورٹی کی فراہمی میں مدد کر رہے ہیں۔