فیصل آباد: چیف جسٹس کو دھمکیاں، ٹی ایل پی کے مزید 6 قائدین و 700 کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج

July 29, 2024

فوٹو: فائل

چیف جسٹس پاکستان کو دھمکیاں دینے پر فیصل آباد کے تھانہ ریل بازار میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ سب انسپکٹر کی مدعیت میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مزید 6 قائدین اور 700 کارکنوں کیخلاف درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی سمیت 12 دفعات عائد کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان کو قتل کی دھمکی دینے کے الزام میں ٹی ایل پی کے نائب امیر ظہیرالحسن شاہ کو آج اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ ظہیرالحسن شاہ اوکاڑہ میں نامعلوم مقام پر چھپے ہوئے تھے۔

ظہیر الحسن شاہ کے خلاف درج مقدمے کے مطابق انہوں نے پریس کلب کے باہر احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کیخلاف نفرت پھیلائی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی ایل پی کے نائب امیر سمیت 1500 کارکنوں پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

دوسری جانب پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزراء نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ کسی گروہ کی سیاست یا مذہب کے نام پر ڈکٹیشن ریاست قبول نہیں کرے گی۔