بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا

July 30, 2024

فائل فوٹو

بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت کیلئے انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور سے رجوع کرلیا۔

بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے انسدادِ دہشتگردی عدالت میں درخواستیں دائر کردی ہیں۔

درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تمام مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، ان سے کسی قسم کی کوئی ریکوری نہیں ہونی۔

بانی پی ٹی آئی نے درخواستوں میں مؤقف اپنایا ہے کہ پولیس کیسز بدنیتی پر مبنی ہیں، انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس حملہ کیس اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں رہائی کی استدعا کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ پیر کو اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں شامل تفتیش ہونے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم واپس روانہ ہوگئی تھی۔