اسماعیل ہنیہ کی شہادت، رام اللّٰہ و نابلس میں عام ہڑتال اور بڑے پیمانے پر مظاہروں کا اعلان

July 31, 2024

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

حماس سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں شہادت پر فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے رام اللّٰہ اور نابلس میں عام ہڑتال اور بڑے پیمانے پر مظاہروں کا اعلان کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر النجاہ یونیورسٹی نے سوگ میں کلاسز اور کام معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کےسیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔

حماس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔