اسماعیل ہنیہ کی شہادت: جماعتِ اسلامی کراچی کا آج گورنر ہاؤس پر ہونے والا دھرنا مؤخر

July 31, 2024

---فائل فوٹو

جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے آج شام گورنر ہاؤس سندھ پر دیے جانے والا دھرنامؤخر کر دیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرلتوفیق الدین صدیقی کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے باعث دھرنا مؤخر کیا گیا ہے۔

توفیق الدین صدیقی نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ آج شام پانچ بجے نیو ایم اے جناح روڈ پر اداکی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جماعت اسلامی کےترجمان کا کہنا تھا کہ دھرنا گیس و بجلی کے بلوں میں اضافے، پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں اور ٹیکسز کے خلاف دیا جائے گا۔

گورنر ہاؤس کے ارد گرد کی ٹریفک میں ردو بدل:

دوسری جانب ٹریفک پولیس نے جماعتِ اسلامی کراچی کے دھرنے کے اعلان کے پیشِ نظر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایوان صدر روڈ دوپہر 3 بجے سے فوارہ چوک سے گورنر ہاؤس گیٹ نمبر ایک تک ٹریفک کے لیے بند رہے گا، شاہین کمپلیکس سے پی آئی ڈی سی آنے اور جانے والی سڑکیں کھلی رہیں گی۔

ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ میٹرو پول سے آنے والے ٹریفک کو ضیا الدین روڈ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، آرٹس کونسل چورنگی سےٹریفک کو کلب روڈ موڑ دیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس نے کہا تھا کہ جناح برج سے پی آئی ڈی سی کی طرف ٹریفک کا دباؤ ہوگا۔

جماعتِ اسلامی کے دھرنے کے اعلان کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ سلطان آباد ٹریفک سیکشن کٹ سے مائی کولاچی اور بوٹ بیسن کا راستہ اختیار کریں۔