اسرائیل جنگ کو روکنے کے بجائے اسے پھیلا رہا ہے: شیری رحمٰن

July 31, 2024

---فائل فوٹو

نائب صدر پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمٰن نے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

شیری رحمٰن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کر کے اسرائیل نے پیغام دیا ہے کہ اسے کوئی روک نہیں سکتا، اسرائیل جنگ کو روکنے کے بجائے اسے پھیلا رہا ہے۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ تہران میں سنگین حملے سے ظاہر ہوتا ہے اسرائیل مذاکرات اور جنگ بندی میں سنجیدہ نہیں، یہ ناصرف حماس بلکہ ایران کی خود مختیاری پر بھی حملہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اسرائیلی عمل کی وجہ سے مشرق وسطی کے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کے حالات کشیدہ ہوں گے تو اس کے اثرات پوری دنیا پر پڑیں گے۔

واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ایران گئے تھے۔

حماس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، حماس کے سیاسی سربراہ پر حملے کے ذمہ داران کو سزا دی جائے گی۔