اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایم کیو ایم کا شدید غم و غصے کا اظہار

July 31, 2024

فائل فوٹو

حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی قیادت نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں ایم کیو ایم قیادت نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے ثابت ہوگیا کہ اسرائیل ایک عالمی دہشت گرد بن چکا ہے۔

ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی دشمنی صرف فلسطین کے ساتھ نہیں بلکہ وہ پوری دنیا کے مسلمانوں کی نسل کشی چاہتا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔

حماس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔