اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا جواب دیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، حماس رہنما

July 31, 2024

اسماعیل ہنیہ : فوٹو فائل

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما خلیل حیہ کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ ایران میں کسی خفیہ مقام پر تھے اور نہ ہی لوگوں سے الگ تھلگ تھے، اسماعیل ہنیہ کی شہادت کو کسی بھی طرح انٹیلیجنس کامیابی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خلیل حیہ نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا جواب دیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، شہید اسماعیل ہنیہ کو میزائل کی مدد سے شہید کیا گیا، مکمل تحقیقات کے نتائج کا انتظار ہے۔

خلیل حیہ نے کہا کہ شہید اسماعیل ہنیہ نے اپنی پوری زندگی دین اور ملک کیلئے وقف کر رکھی تھی، اسماعیل ہنیہ کی پوری زندگی نامساعد حالات اور مختلف ممالک میں گزری۔

انہوں نے کہا کہ ہنیہ کے ہمراہ موجود افراد کے مطابق میزائل کمرے کی کھڑکی توڑ کر سیدھا انہیں لگا۔

حماس رہنما نے کہا کہ اسرائیل پورے خطے کو آگ میں جھونک کر دنیا کو خطرے میں ڈال رہا ہے، اسرائیل کوئی معاہدہ یا ڈیل نہیں چاہتا، صرف اپنی جنگی جارحیت جاری رکھنے کا خواہاں ہے، اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے باوجود تحریک مزاحمت کا قافلہ اپنا سفر جاری رکھے گا۔