کیا سردار کمال کو اپنی موت کا پہلے سے علم تھا؟

August 01, 2024

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار و کامیڈین سردار کمال کے انتقال سے قبل دیا گیا آخری انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مذکورہ ویڈیو کلپ کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے جیسے سردار کمال کو اپنی موت کا پہلے سے ہی علم تھا۔

وائرل ہونے والا مذکورہ انٹرویو انہوں نے اچانک انتقال سے چند دن قبل نجی چینل کو دیا تھا جس میں انہوں نے اپنے بیٹے کو امانت سونپنے کا ذکر کیا۔

ویڈیو کلپ میں دیکھا و سننا جاسکتا ہے کہ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دنوں اپنے گھر کی رجسٹری بیٹے کے نام کی۔

انہوں نے اپنی اور اپنے بیٹے کے درمیان ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے گھر کی رجسٹری اپنے بیٹے کو دیتے ہوئے کہا کہ یہ لو یہ امانت ہے، اسی طرح میرے والد مجھے دے کر گئے تھے، میں نے تمہیں دے دی، اسی طرح تم ایک دن اسے کسی اور کو دے دو گے۔

انہوں نے بیٹے سے اختتام میں یہ کہا کہ اب اس کا جو کچھ کرنا ہے، تمہیں کرنا ہے، خدا حافظ۔

سردار کمال نے مزید کہا کہ یہ سب امانتیں ہے، میں نے اسے دے دیں، وہ کل کو اپنے بچوں کو دے دے گا، اسی طرح یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔

واضح رہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار و کامیڈین سردار کمال 30 اگست کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ انہوں نے سوگواروں میں بیوہ، 2 بیٹوں اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

یاد رہے کہ اداکار سردار کمال کا شمار پاکستان کے مایہ ناز کامیڈینز میں ہوتا تھا۔

وہ عرصہ دراز سے نجی ٹی وی کے ساتھ بھی منسلک تھے۔

اپنے کیریئر کے دوران اداکار سردار کمال نے سیکڑوں تھیٹر ڈراموں میں کام کیا اور مداحوں کو اپنے فن سے خوب محظوظ کیا۔