ہاردیک پانڈیا کی سابقہ اہلیہ نتاشا اسٹینکوویچ نے بیٹے اگستیا کی سالگرہ سے تصویریں شیئر کردیں

August 01, 2024

کولاج بشکریہ انسٹاگرام اکاؤنٹ

بھارتی کرکٹر ہاردیک پانڈیا کی سابقہ اہلیہ نتاشا اسٹینکوویچ نے بیٹے اگستیا کی سالگرہ سے ویڈیوز اور تصویریں شیئر کی ہیں۔

یاد رہے کہ ہاردیک پانڈیا سے علیحدگی اختیار کرنے اور باقاعدہ طور پر طلاق کے اعلان کے بعد سربین اداکارہ، رقاصہ و ماڈل نتاشا اسٹینکوویچ آج کل اپنے بیٹے اگستیا کے ہمراہ اپنے آبائی ملک سربیہ میں موجود ہیں۔

ہاردیک اور نتاشا کا بیٹا اگستیا حال ہی میں 4 سال کا ہوا ہے جس کے لیے اس سابقہ جوڑی نے اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر بیٹے کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔


گزشتہ روز ہاردیک پانڈیا نے بیٹے کے ہمراہ ویڈیو شیئر کر کے اگستیا کو اپنا دل قرار دیتے ہوئے محبت کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب اب نتاشا اسٹینکوویچ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بیٹے کی سالگرہ کے لیے منعقد کی گئی پارٹی سے ویڈیوز اور تصویریں شیئر کی ہیں۔


اداکارہ کا بیٹے کو منفرد ’بوبا‘ نام سے پکارتے ہوئے لکھنا ہے کہ ’آپ میری زندگی میں امن، محبت اور خوشی لائے ہیں، میرے خوبصورت بیٹے، آپ میرے لیے ایک بہت پیاری اور مہربان نعمت ہیں، میں اس دنیا کو آپ کی مہربان روح کو بدلنے نہیں دوں گی، ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے میں ہمیشہ آپ کے ساتھ رہوں گی، میں آپ سے پیار کرتی ہوں، آپ کی ماں۔‘


واضح رہے کہ کرکٹر ہاردیک پانڈیا نے اپنی سابقہ اہلیہ، نتاشا اسٹینکووچ کے ساتھ گزشتہ ماہ 18 جولائی کو سوشل میڈیا پر علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

ایک طویل مشترکہ پوسٹ میں اس سابق جوڑی نے وضاحت کی تھی کہ چار سال کی شادی شدہ زندگی کے بعد ہم نے باہمی طور پر طلاق کا انتخاب کیا ہے۔

انٹرنیٹمنٹ اور کھیل کے شعبے سے وابستہ اس جوڑی نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم نے اس رشتے کو بچانے کے لیے اپنی پوری کوشش کی تھی لیکن ہماری علیحدگی ہی ہمارے مفاد میں ہے۔

اس بیان میں ہاردیک اور نتاشا نے طلاق کے فیصلے کو ’سخت فیصلہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اپنے بیٹے اگستیا کی پرورش مشترکہ طور پر کریں گے۔

واضح رہے کہ اس جوڑی کا 4 سالہ بیٹا اگستیا آج کل اپنی والدہ نتاشا کے ساتھ ان کے آبائی ملک سربیہ میں موجود ہے۔