جب تک 9 مئی کا سدباب نہیں ہوتا کوئی دہلیز پار نہیں ہوسکتی، خواجہ آصف

August 01, 2024

9 مئی کی بغاوت کی ذمہ داری تو بانی پی ٹی آئی نے قبول کرلی ہے، خواجہ آصف - فوٹو: فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کی بغاوت کا جب تک کوئی سدباب نہیں ہوتا کوئی دہلیز پار نہیں ہوسکتی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فوج سے مذاکرات کےلیے محمود اچکزئی کو نامزد کیا گیا ہے۔ پتہ نہیں محمود اچکزئی کا نام بانی پی ٹی آئی نے اُن سے پوچھ کر دیا یا نہیں۔ بانی پی ٹی آئی جو مانگ رہے ہیں وہ شاید محمود اچکزئی کو قبول نہ ہو۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پہلے 9 مئی کو جو بغاوت ہوئی تھی اس کا تو سدباب ہونا چاہیے۔ جب تک اس کا کوئی سدباب نہیں ہوتا کوئی دہلیز پار نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی بغاوت کی ذمہ داری تو بانی پی ٹی آئی نے قبول کرلی ہے، پہلے تو وہ 9 مئی کی ذمہ داری نہیں مان رہے تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی قوتوں سے مذاکرات کی بات ہو تو وزیراعظم نے پہلے بھی پیشکش کی ہے۔ سیاسی قوتوں کے مل بیٹھنے سے کوئی انکاری نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ڈکٹیشن یا ٹی او آر بانی پی ٹی آئی نے دینے ہیں تو اس کی تو ابتدا ہی نہیں ہوسکتی۔ بانی پی ٹی آئی نے مقدمات میں ریلیف، خواتین کی رہائی کے معاملے کا کوئی تجزیہ نہیں کیا۔