اسماعیل ہنیہ کو شہید کرکے بین الاقوامی قوانین کو پاؤں تلے روندا گیا، وزیراعظم شہباز شریف

August 01, 2024

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تہران میں حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرکے بین الاقوامی قوانین کو پاؤں تلے روندا گیا، نیتن یاہو کھلے عام درندگی کر رہا ہے، یہ واقعہ ترقی یافتہ ممالک کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے۔

اتحادی جماعتوں کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین میں 9 ماہ سے خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، شاید ہی کسی نے تاریخ میں ایسے واقعات دیکھے ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں، اسپتالوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے، روز غزہ میں لاشیں گرائی جا رہی ہیں، فلسطین میں شہروں کے شہر اور محلوں کو زمین بوس کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے بچے شہید کیے گئے، پاکستان اور اسلامی ممالک نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی بھرپور مذمت کی ہے، انٹرنیشنل کورٹ نے اسے نسل کشی قرار دیا۔