خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس میں گرفتار خاتون نے ضمانت کی درخواست دائر کردی

August 01, 2024

خلیل الرحمان قمر : فوٹو فائل

معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والی گرفتار خاتون نے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں درخواست ضمانت دائر کردی۔

ملزمہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اس کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں، ملزمہ نے خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ نہیں کیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں خلیل الرحمان قمر کی درخواست پر کیس کی سماعت جج خالد ارشد نے کی، جس میں پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کیا گیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ خلیل الرحمان قمر کو 15 جولائی کو مبینہ طور پر اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، ملزمان کے خلاف 21 جولائی کو تھانہ سندر میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم حسن شاہ اور لڑکی سمیت 12 ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں، مرکزی ملزم 28 جولائی کو پکڑا گیا تھا، 29 جولائی کو ڈرامہ نگار کی نازیبا ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔