پاکستانی ٹیم کے بعض کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش اے کے خلاف شاہینز کی جانب سے کھلانے کی تجویز

August 02, 2024

کراچی(عبدالماجدبھٹی)بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو پریکٹس دینے کے لئے بنگلہ دیش اے کے خلاف پاکستان شاہینز کی جانب سے کھلانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔اس تجویز میں محسن نقوی کے دست راست وقار یونس کی مشاورت اہم ہے،بابر اعظم، محمد رضوان،نسیم شاہ اور دیگر کھلاڑیوں نے حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلا ہے اس لئے یہ کھلاڑی تربیتی کیمپ میں شریک ہوں گے۔10اگست سے اسلام آباد کلب میں ہونے والے چار روزہ میچ میں جیسن گلسپی پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ ہوں گے یا وہ ٹیم کے ساتھ رہیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو قریب سے دیکھ کر انہیں کس پوزیشن میں کھلانے اور ان کی فارم کے بارے میں علم ہوسکے۔جیسن گلسپی چھ اگست کو پاکستان واپس آرہے ہیں۔ سلیکٹرز محمد یوسف اور اسد شفیق ،شان مسعود اور جیسن گلسپی کی مشاورت سے ٹیسٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے کنسلٹنٹ وقار یونس نے ہیڈ کوارٹر میں نئی ذمے داریاں سنبھالنے کے بعدکام شروع کردیا ۔ جمعرات کو لاہور میں ہونے والی پہلی میٹنگ میں انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف پاکستان شاہینز کی سلیکشن پالیسی کا جائزہ لیا اور اس بات پر غور کیا گیا کہ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے وہ کھلاڑی جو جنوری میں سڈنی ٹیسٹ کے بعد سے پاکستان کے لئے نہیں کھیلے انہیں بنگلہ دیش اے کے خلاف دس اگست سے شروع ہونے والے چار روزہ میچ میں موقع دیا جائے گا۔چار روزہ میچ 10سے13اگست تک اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا۔دس اگست سے پنڈی اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بھی شروع ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش اور پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے ٹیم کی سیریز ایک ساتھ ہوں گی اس لئے کیمپ میں کھلاڑیوں کا بڑا پول بنایا جائے گا۔تاکہ ضرورت پڑنے پر شاہینز کے کھلاڑیوں کو پاکستان ٹیم میں موقع دیا جاسکے۔پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں عبداللہ شفیق،ابرار احمد،سعود شکیل،نعمان علی سمیت چھ سے سات کھلاڑیوں نے جنوری سے کوئی چار روزہ میچ نہیں کھیلا ، انہیں پریکٹس کی ضرورت ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی سے اختیارات ملنے کے بعد وقار یونس نے میٹنگ میں پالیسی بنانے پر ضرور دیا اور کوشش کی گئی کہ سلیکٹر بڑا پول بنائیں تاکہ کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کو سامنے رکھتے ہوئے پریکٹس میں رہیں۔