فلسطینیوں اور کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، چوہدری یٰسین، لارڈ قربان

August 02, 2024

لوٹن (شہزاد علی) برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ فلسطینی اور کشمیری دونوں اقوام کی نسل کشی ہو رہی ہے۔ یہ ایسے مسائل ہیں جن کا حل کیا جانا ضروری ہے۔ برطانیہ کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرانے کیلئےاپنا عالمی کردار ادا کرے۔ وہ لوٹن کے ایک ریستوران میں پاکستان پیپلزپارٹی لوٹن اور اپنے حلقہ چڑھوئی اور کوٹلی کی پارٹی شخصیات کی جانب سے اپنے اور ڈسٹرکٹ کونسلر کوٹلی چوہدری کرامت کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیری نوجوان نسل اور کشمیری ڈائسپورا پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ،انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت ہمارا پیدائشی حق ہے، مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی متعدد قراردادیں موجود ہیں، ہمارا کشمیر پر بہت مضبوط کیس ہے، خود نہرو نے کشمیری عوام کو استصواب رائے دینے کا وعدہ کیا تھا مگر یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا، انہوں نے کہا کہ اقوام عالم سے پوچھنا چاہئے کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قردادوں پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا انہوں نے زور دیا کہ 5اگست کوبھارت کے خلاف یوم سیاہ کے پروگراموں میں کشمیری بھرپور طریقے سے شرکت کریں، چوہدری محمد یاسین نے اپنے خطاب میں یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے نمایاں کام پاکستان پیپلز پارٹی نے کئے ، انہوں نے واضح کیا کہ وہ مختلف قبائل کو ساتھ لے کر چلتے ہیں اسی لیے متعدد بار چڑھوئی سے منتخب ہوئے اور پھر کوٹلی کی نشست بھی جیتی اور کوٹلی میں ماضی میں بھی انہوں نے تعمیر و ترقی کے کام کئے ۔ چوہدری محمد یاسین نے اس موقع پر فلسطین اور کشمیر پر لارڈ قربان حسین کی انتھک جدوجہد کو بھی خصوصی طور پر سراہا اور لوٹن کی معروف سیاسی شخصیت چوہدری محمد بشیر اور دیگر عمائدین سے تشکر کا اظہار کیا۔ ان کے خطاب سے قبل جئے بھٹو ، جئے یاسین کے پُرجوش نعرے لگائے گئے ۔ صدر تقریب لارڈ قربان حسین ستارہ قائداعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کے اختیارات کم سے کم ہوتے جا رہے ہیں حکومت آزاد کشمیر کو بااختیار بنایا جائے اور وہاں پر قابل لوگ سامنے آئیں انہوں نے مسئلہ کشمیر پر برطانیہ کے ممبران پارلیمنٹ کو خطوط لکھنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔تقریب کے مہمان ڈسٹرکٹ کونسلر کوٹلی چوہدری کرامت نے واضح کیا کہ چوہدری محمد یاسین کی صورت میں پاکستان پیپلزپارٹی مختلف برادریوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے اور چوہدری محمد یاسین تعمیر و ترقی کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے لوٹن میں رہائش پذیر پاکستان پیپلزپارٹی کے ممتاز رہنما سابق کونسلر چوہدری محمد بشیر کی پارٹی اور کمیونٹی کے لیے خدمات کو بھی سراہا۔ تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے جنرل سیکرٹری اظہر اقبال بڑالوی،صدر پاکستان پیپلزپارٹی لوٹن چوہدری عارف ، سابق ڈپٹی میئر لوٹن کونسلر زینب راجہ،خواجہ امیر قیصر دائود، ڈسٹرکٹ کونسلر کوٹلی ظفیر بٹ ، سابق میئر ریاض بٹ، مسلم کانفرنس کے پروفیسر چوہدری امتیاز حسین ، پی پی کے ملک غلام محی الدین نے بھی اظہار خیالات کیا۔ آغاز سابق کونسلر چوہدری کاشف کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، نظامت مسعود رانا نے کی۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کشمیر فورم یوکے چوہدری محمد بشیر، سابق ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان، سابق امیدوار پارلیمنٹ ورکر پارٹی برطانیہ ڈاکٹر یاسین رحمان، ڈاکٹر رضوان بٹ، لبرل ڈیموکریٹس کے چوہدری محمد ادریس لطیف، سینئر نائب صدر تحریک کشمیر برطانیہ چوہدری محمد شریف، سماجی کارکن قیوم راجہ، جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلزپارٹی لوٹن چوہدری نثار، پی پی کے چوہدری عارف ناڑوی، الحاج چوہدری محمد نواز سمروڑ، چوہدری یاسر سمروڑ، چوہدری پرویز، ڈاکٹر اقبال، چوہدری چشتی تاج، کریم چوہدری، مجید انصاری، مسلم کانفرنس کے راجہ یعقوب، چوہدری افتخار، عمران کریم، ڈاکٹر صدیق، سابق کونسلر عباس، ملک مجید، چوہدری امین، چوہدری خالد سمیت دیگر نے شرکت کی۔