ورلڈ اسٹریٹ چائلڈ فٹبال کپ ٹورنامنٹ، پاکستان مسلم ہینڈز اور بیٹر فیوچر پاکستان کی فتوحات جاری

August 02, 2024

اوسلو (ناصراکبر) ناروے میں جاری ورلڈ اسٹریٹ چائلڈ فٹبال کپ ٹورنا منٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی دونوں ٹیموں کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان مسلم ہینڈز کی ٹیم نے تیسرے میچ میں Øystese کلب ناروے کو 3-1سے شکست دے دی۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی نے نعرے لگا کر فٹبال ٹیم کی خوب حوصلہ افزائی کی اور میچ کی جیت کی خوشی میں اللّٰہ کا شکر ادا کیا۔ دریں اثنا پاکستان کی دوسری ٹیم بیٹر فیوچرپاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں ناروے کلب کی ٹیم بیرینے ایف کے کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے پہلے ہاف میں پہلا گول محمد امیر،دوسرا گول ابراہیم اور تیسرا گول کپتان سبحان کریم نے کیا۔ میچ جیتنے کی خوشی میں ناروے میں پربسنے والےپاکستانیوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ پاکستان کی دونوں ٹیمیں بہت اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور ملک کا نام روشن کررہی ہیں۔ شیخ عمران طارق نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری پاکستان کیلئے کچھ کرنے کی خواہش تھی اور اس سلسلے میں میں نے پاکستان کے کونے کونے سے کھلاڑی تلاش کئے اور بیٹر فیوچر پاکستان کے نام سے ٹیم بنائی آج میری ٹیم کے غریب لڑکوں نے محنت اور لگن سے کھیلتے ہوئے تیسرے میچ میں بھی پاکستان کو فتح حاصل کرائی ہے، میں اپنی ٹیم کی پرفارمنس سے خوش ہوں اور اللّٰہ کا شکر گزار ہوں، میری طرف سے ناروے اور پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کو بہت مبارک ہو۔