ایشین انڈر۔18 والی بال: پاکستان کو مسلسل چار میچز میں کامیابی کے بعد پہلی شکست

August 02, 2024

بحرین میں جاری ایشین انڈر۔18 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان کو مسلسل چار میچز میں کامیابی کے بعد پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شکست کے باوجود پاکستان ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

ایشین انڈر۔18 والی بال میں مسلسل چار جیت کے بعد پاکستان کو پہلی شکست اس وقت ہوئی جب سپر 8 مرحلے کے میچ میں جاپان نے پاکستان کو 1-3 سے ہرایا۔

پہلے سیٹ میں پاکستان کی جیت کے بعد جاپان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ جیتا، دوسرے سیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ٹائی بریکر پر ہوا لیکن آخری دو سیٹس جاپان نے آسانی سے جیتے ۔ جاپان نے مقابلہ 25-22، 26-28، 18-25 اور 15-25 سے اپنے نام کیا۔

جاپان سے شکست کے باوجود پاکستان ایشین انڈر۔18 والی بال کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ گزشتہ روز کوریا کے خلاف جاپان کی فتح نے پاکستان کی ٹاپ فور میں جگہ پکی کردی تھی۔ پاکستان کی سپر 8 کے گروپ ایف میں دوسری پوزیشن رہی۔

سیمی فائنل میں پاکستان گروپ ای کی ٹاپ ٹیم سے مقابلہ کرے گا۔