پشاور میں رہنے والے وزراء کو ماہانہ 2 لاکھ ہاؤس سبسڈی ملے گی، الاؤنس ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ

August 02, 2024

خیبر پختونخوا حکومت نے وزراء کی تنخواہیں اور الاؤنس ایکٹ 1975 میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا۔

خیبر پختونخوا حکومت نے سمری تیار کرلی جس میں پشاور سےتعلق رکھنے والےصوبائی کابینہ اراکین کیلئے بھی الاؤنس مقرر کیا گیا ہے، ایکٹ میں ترامیم خیبر پختونخوا کابینہ کےاجلاس میں منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔

دستاویز کے مطابق جن وزراء کا تعلق پشاور سے ہے اور ان کی اپنی رہائش گاہیں ہیں، ان کوسبسڈی دی جائے گی، پشاور کے صوبائی کابینہ اراکین کو ماہانہ 2 لاکھ روپے ہاؤس سبسڈی دی جائے گی۔

سیکریٹری ایڈمنسٹریشن خیبر پختونخوا محمد اسرار کے مطابق جن وزراء کو سیکیورٹی کا مسئلہ ہے اور پشاور میں رہتے ہیں ان کو بھی الاؤنس ملے گا اور کابینہ اجلاس میں ترمیم کو غور کیلئے رکھا جائے گا جبکہ سبسڈی پشاور اور قریبی اضلاع کے وزراء، مشیر اور معاونین کو دی جائے گی۔