بنگلہ دیش نے انسٹاگرام، واٹس ایپ، یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی لگا دی

August 03, 2024

---فائل فوٹو

بنگلہ دیش کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام، ٹک ٹاک، واٹس ایپ اور یوٹیوب سمیت کئی مقبول ایپلیکیشنز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام کے خلاف ایک بار پھر طلبہ تنظیموں نے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ واجد کی حکومت نے ملک بھر میں وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے سوشل نیٹ ورکس تک عوام کی رسائی کو محدود کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں ملک گیر پھوٹنے والے کوٹہ مخالف مظاہروں میں ہلاک ہونے والے افراد کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلادیش میں پچھلے ہفتے ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کے دوران 200 سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ 2 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔