حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو دوحہ میں سپردِ خاک کر دیا گیا

August 02, 2024


تہران میں شہید ہونے والے حماس رہنما اور سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ہنیہ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سپرد خاک کردیا گیا۔

نماز جنازہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد، خالد مشعل، اسماعیل ہنیہ کے بیٹے، فلسطینی تنظیموں، الفتح، اسلامی جہاد اور دنیا بھر سے لوگوں نے شرکت کی۔

ایران میں اسرائیلی حملے میں شہید حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو دوحہ کے لوسیل قبرستان میں علامہ یوسف القرضاوی کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا۔

نماز جمعہ کے بعد اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی، جس میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد، امیر قطر کے والد، حماس رہنما خالد مشعل، اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں، حماس، فلسطینی تنظیموں الفتح اور اسلامی جہاد کے نمائندوں اور دنیا بھر سے آئے اہم افراد نے شرکت کی۔

حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی تصاویر اور فلسطینی پرچم اٹھائے سوگوار افراد کی بڑی تعداد جنازے میں شریک تھی، نعروں کی گونج میں اسماعیل ہنیہ کی میت امام محمد بن عبدالوہاب مسجد میں لائی گئی۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دوحہ میں اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں سے ملاقات میں اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کےلیے دعا فرمائی۔

اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ گزشتہ روز تہران میں ادا کی گئی تھی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی تھی۔