گلاب کے پھول کے ساتھ کانٹے کیوں ہوتے ہیں؟

August 04, 2024

ـــ فائل فوٹو

محبت کی علامت گلاب کے پھول کے پودے میں کانٹوں کی موجودگی کی وجہ سامنے آگئی۔

امریکا میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گلاب کے پودوں پر کانٹوں کی موجودگی کا جواب اس پودے کے ڈی این اے میں چھپا ہوا ہے۔

محققین نے گلاب کے پھول کے ڈی این اے کا تجزیہ کیا تو اُنہیں یہ پتہ چلا کہ گلاب کے پودے میں کانٹوں کی موجودگی ایک قدیم ایل او جی (LOG) جین کی وجہ سے ہے جو صرف گلاب کے پودے میں ہی نہیں بلکہ اس کے علاوہ بھی کئی پودوں میں موجود ہے۔

تحقیق کے مطابق 40 کروڑ سال سے یہ کانٹے پودوں پر موجود ہیں اور پودوں کو ان کی موجودگی سے بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں جیسے کہ کانٹوں کی موجودگی کی وجہ سے جانور اُنہیں کھانے سے گریز کرتے ہیں، اس کے علاوہ کانٹوں کی موجودگی سے پودوں کو پانی جذب کرنے اور نشوونما پانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ 60 لاکھ سال قبل یہ کانٹے آلو، ٹماٹر اور بینگن جیسے پودوں میں بھی نمودار ہوئے اور آج یہ پودوں کی ایک ہزار اقسام پر پائے جاتے ہیں۔