امیتابھ بچن بہو ایشوریہ رائے سے کِیا ہوا کونسا وعدہ پورا نہ کرسکے؟

August 05, 2024

ـــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن اپنی بہو ایشوریا رائے سے کِیا ہوا وعدہ پورا نہ کر سکے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن کی طلاق کی خبریں بھارتی میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جس کی وجہ سے یہ جوڑی مداحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور بچن فیملی سے جُڑی بہت سی کہانیاں سامنے آ رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا پر اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ امیتابھ بچن نے ایشوریا سے 16 سال پہلے ایک وعدہ کیا تھا جو ابھی تک پورا نہیں ہوسکا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امیتابھ بچن نے 2008ء میں اپنی بہو ایشوریا رائے اور بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بارابنکی کے گاؤں دولت پور کے لوگوں سے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ گاؤں میں ایشوریا رائے کے نام پر کالج بنائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق، امیتابھ بچن نے اپنی اہلیہ جیا بچن، بیٹے ابھیشیک بچن اور بہو ایشوریا رائے کے ہمراہ’ایشوریہ بچن کنیا ماہاودیالے‘ کے نام سے ایک کالج کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا تھا۔

گاؤں کے لوگ بہت خوش تھے کیونکہ ان کے گاؤں میں پہلا کالج بننے جا رہا تھا لیکن کالج کا سنگ بنیاد رکھنے کے کچھ عرصے بعد ہی امیتابھ بچن نے کالج کے پروجیکٹ کو نشتھا فاؤنڈیشن کے حوالے کردیا تھا۔

تاہم 2018ء میں جب 10 سال کے عرصے کے بعد بھی کالج نہیں بن سکا تو گاؤں کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہی کالج بنانے کا کام شروع کیا اور کامیابی کے ساتھ ایک ڈگری کالج بنا لیا۔

رپورٹ کے مطابق، گاؤں کی 40 سالہ خاتون ٹیچر نےکالج کے لیے چندہ اکٹھا کیا جس کے بعد 60 لاکھ بھارتی روپے سے زائد کا فنڈ جمع ہوا تو خاتون ٹیچر اور گاؤں کے لوگوں کی کوششوں سے کالج کا تعمیراتی کام مکمل ہوا اور پھر اس کالج کا نام’دولت پور ڈگری کالج‘ رکھا گیا۔