بھارت اور اسرائیل کو اس ظلم کا حساب دینا پڑے گا، وزیرِ اعظم شہباز شریف

August 05, 2024

فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک وقت آئے گا بھارت اور اسرائیل کو اس ظلم کا حساب دینا پڑے گا۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو کشمیریوں کے حقوق کو غصب کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ اقدام سے لوگوں کی زندگیاں اجیرن کر دی گئی ہیں۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 370 منسوخ کر کے غیرریاستی باشندوں کی مقبوضہ کشمیر میں آباد کاری کی راہ ہموار کی گئی، کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، تمام حریت رہنماؤں، عوام اور نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حریت رہنماؤں اور عوام نے بھارتی جبر کا بھرپور مقابلہ کیا، انہوں نے ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا،بھارت کبھی بھی مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ نہیں بناپائے گا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں میں ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا گیا، فلسطینی عوام فولاد کی طرح آزادی کے لیے کھڑے ہیں۔