یومِ استحصال کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے: سلجوق مستنصر تارڑ

August 05, 2024

ــــ جنگ فوٹو

نیدرلینڈ کے شہر دی ہیگ میں پاکستانی سفارت خانے میں یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

اسسیمینار میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے متعلق 2019ء کے بھارتی یکطرفہ اقدام کے بعد سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتِ حال پر توجہ مرکوز کروائی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے کہا کہ یومِ استحصال کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ فیصلے کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال مزید ابتر ہوئی ہے۔

سلجوق مستنصر تارڑ نے مسئلہ جموں و کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پاکستانی قیادت کی کاوشوں کا بھی ذکر کیا، پاکستان تنازع جموں و کشمیر کے پُرامن حل کے لیے پُرعزم ہے۔

سفیر پاکستان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔

سیمینار کے دیگر مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم خاص طور پر 5 اگست 2019ء سے ہونے والے جبر اور مصائب کی مذمت کرتے ہوئے تنازع جموں و کشمیر کی تاریخی، سیاسی اور قانونی جہتوں پر بھی روشنی ڈالی۔