ابراہیم علی خان کے ساتھ کام کرنا نہایت ہی شاندار ہوگا، کاجول

August 05, 2024

تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ ابراہیم علی خان کے ساتھ کام کرنا نہایت ہی شاندار ہوگا۔

واضح رہے کہ کاجول اور ابراہیم علی خان فلم ’سرزمین‘ میں کام کر رہے ہیں، اداکار بومن ایرانی کے بیٹے کیوزے ایرانی اس فلم کی ڈائریکشن دے رہے ہیں۔

کاجول جو آج (5 اگست) 50 برس کی ہوگئی ہیں، انھوں نے 1994 کی فلم (یہ دل لگی) میں ابراہیم کے والد سیف علی خان کے ساتھ کام کیا تھا اور اب وہ فلم سرزمین میں ابراہیم کے ساتھ نظر آئیں گی جبکہ ابراہیم اس فلم کے ذریعے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کریں گے۔

کاجول نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران ابراہیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اسکرین پر دیکھنا کافی دلچسپ ہوگا۔ فلم میں پرتھوی راج سوکومرن بھی کاجول کے ساتھ پہلی بار کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فلم سرزمین ایک پراسرار تھرلر ہے جس میں محبت کے مختلف پہلوؤں اور تعلقات کو سامنے لایا گیا ہے۔

کاجول کا کہنا تھا کہ وہ پرتھوی راج سوکومرن کے ساتھ پہلی بار کام کر رہی ہیں، جبکہ ابراہیم کے ساتھ کام کرنا کافی حیرت انگیز ہوگا، انکا کہنا تھا کہ ان دونوں کو اسکرین پر دیکھنا کافی دلچسپ ہوگا۔

کاجول نے اس موقع پر فلم میں اپنے کردار کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں بتایا۔