PTI اور سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی اجلاس، بانی کی رہائی کیلئے حکمت عملی پر غور

August 06, 2024

اسلام آباد ( آن لائن ) پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔جس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ کارکنوں اور ارکان پارلیمنٹ کی جبری گمشدگیوں کی شدید مذمت کی گئی، اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قید کو ایک سال گزرنے کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی کے اسیران کے اہلخانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ارکان پارلیمنٹ کو دی جانے والی دھمکیوں پر ایوان میں قرارداد پیش کی جائے گی۔اراکین نے کہا کہ بانی چیئرمین اور دیگر رہنماؤں پر درج مقدمات کے ٹھوس ثبوت نہیں، کارکنان کی قید ناحق پاکستان میں انصاف کیساتھ کھلی زیادتی ہے۔