بنگلادیش کی صورتحال پر بھارتی حکومت نے آل پارٹیز اجلاس بلا لیا

August 06, 2024

بنگلادیش میں مظاہرے-- تصویر بشکریہ اے ایف پی

بنگلادیش کی صورتحال پر بھارتی حکومت نے آل پارٹیز اجلاس بلا لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے اجلاس میں بریفنگ دی کہ بنگلادیش میں صورتحال اتنی خراب نہیں کہ شہریوں کا انخلا کرایا جائے۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ بنگلادیش میں موجود بھارتی شہری محتاط رہیں، وہاں موجود 20 ہزار بھارتی شہریوں میں سے 8 ہزار واپس آرہے ہیں، بنگلادیشی فوج کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، شیخ حسینہ کا بھارت آنا باہمی وضع داری کا اقدام ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اجلاس میں راہول گاندھی نے بنگلادیشی بحران میں غیرملکی سازش کے امکان پر سوال اٹھایا۔

بھارتی وزیر خارجہ نے جواب دیا کہ کسی بھی چیز کے بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کو بھی بنگلادیش کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں کل پُرتشدد مظاہروں اور مظاہرین کی بڑی تعداد کے باہر نکلنے کے بعد شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا تھا اور وہ ملک سے فرار ہو کر بھارت پہنچ گئی تھیں۔