جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس، تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہیں ہوئے

August 06, 2024

فائل فوٹو

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت 56 ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔

پی ٹی آئی کے وکیلبابر اعوان نے سماعت کے دوران کہا ہے کہ آج چوتھی بار آپ کے سامنے پیش ہو رہا ہوں، لگتا ہے میں ادھار مانگ رہا ہوں، مجھے لگتا ہے آپ نے لکھا ہے کہ ادھار مانگنا منع ہے۔

جج خالد ارشد نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ تفتیشی افسر کو بلا لیں۔

عظمیٰ خان نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے تفتیشی افسر پیش نہیں ہونا چاہتا، وہ پیش نہیں ہو رہا، اس کے لیے کوئی سزا تو ہونی چاہیے۔

جج خالد ارشد نے کہا کہ تفتیشی افسر سے کہا ہے آپ لکھ کر دیں آپ کے پاس ثبوت نہیں، ان کے پاس ثبوت نہیں تو گرفتاری نہیں ہو گی۔

عظمیٰ خان نے کہا کہ آپ بتا سکتے ہیں کہ ضمانتیں کنفرم کرنے میں آپ کو کیا تحفظات ہیں۔