جی چوہدری صاحب، کام ہو گیا؟ چیف جسٹس کا فواد چوہدری سے سوال

August 06, 2024

فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نےاٹارنی جنرل کو فواد چوہدری کے بیرون ملک دورے کی اجازت کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرانے کا حکم دے دیا۔

فواد چوہدری کے پاسپورٹ کی تجدید اور نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے پر عملدرآمد کے کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ فواد چوہدری کو بیرون ملک سفر کی اجازت دینے کا آرڈر اٹارنی جنرل کو بھیجیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کےچیف جسٹس نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ جی چوہدری صاحب، کام ہو گیا؟

فواد چوہدری نے کہا کہ عدالت کی مہربانی سے کام ہو گیا ہے لیکن ایک گزارش ہے، آج کل ایئر پورٹ جائیں تو بکری چوری کے الزام میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بالکل، آج کل تو کچھ بھی ممکن ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ استدعا ہے کہ عدالتی آرڈر کی کاپی عملدرآمد کے لیے اٹارنی جنرل کو بھجوائی جائے۔

عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے عدالتی آرڈر کی کاپی اٹارنی جنرل کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔