کھیلوں کے ہیروز، سیاست دان اور شوبز شخصیات ارشد ندیم کی کامیابی کیلئے دعاگو

August 07, 2024

فوٹو: سوشل میڈیا

پیرس اولمپکس میں پاکستان کےلیے میڈل کی آخری امید ارشد ندیم کے فائنل راؤنڈ میں پہنچنے اور انکے میڈل اسٹینڈ پر کھڑے ہونے لیے قوم کے ہیروز، شوبز شخصیات اور سیاستدان بھی دعائیں کر رہے ہیں۔

پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کو فائنل کےلیےکوالیفائی کرنے پر مبارکباد۔ آپ نے پوری دنیا کے سامنے اپنا بہت زبردست ٹیلنٹ ثابت کیا۔

کپتان قومی ویمن ٹیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ انشاء اللّٰہ آپ کامیاب ہوں گے، پوری قوم آپ کےلیے دعاگو ہے۔ امید کرتے ہیں آپ پاکستان کو گولڈ میڈل ضرور دلوائیں گے۔

نامور گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے کہا کہ ہم سب دعا کر رہے ہیں کہ آپ میڈل لے کر گھر آئیں۔

انکا کہنا تھا کہ آپ کا یہاں تک پہنچنا بھی ایک بہت بڑی بات ہے،پاکستانیوں کو جو آپ نے خوشیاں دی ہیں اس پر بہت شکریہ۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ارشد ندیم، ویل ڈن، شاباش، بہت خوب۔ آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا، کل مزید روشن کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ آپ کو کامیاب کرے، پورے پاکستان کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

ٹینس کھلاڑی مہک کھوکھر نے بھی پاکستان کے صف اول کے ایتھلیٹ کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ ارشد ندیم کو فائنل کےلیے گُڈ لک کہتی ہوں۔

انکا کہنا تھا کہ ہماری دعائیں ارشد ندیم کے ساتھ ہیں، ہم سب کو یقین ہے کہ ارشد پاکستان کےلیے مڈل لائیں گے۔

انکے علاوہ ویمن فٹبالر فاطمہ انصاری بھی ارشد ندیم کے اولمپکس فائنل کےلیے پُرجوش ہیں اور انہوں نے قومی ایتھلیٹ کی کامیابی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔