چین کی تاریخ میںپہلی بارغیرملکی مہمان کیلئے سرکاری سطح پر چار استقبالیہ تقریبات

July 27, 2016

بیجنگ(حذیفہ رحمان)چین کی تاریخ میں پہلی بار کسی بین الاقوامی مہمان کیلئے دو روز میں سرکاری سطح پر چار استقبالیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔پاک چین تعلقات میں پہلا موقع ہے جب بیک وقت 24 دستا و یزات پر دستخط کئے گئے۔وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے ایک دن میں 7معاہدوں اور 17مفاہمتی یاد دا شتو ں پر دستخط کرکے چینی قیادت کو بھی حیران کردیا۔چین کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ون چائنہ پالیسی ،تبت کے مسئلے اور سمندری علاقوں میں حقوق سمیت تمام معاملات میں چین کے ساتھ کھڑا ہے،جس پر چین کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ چین بھی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ قدم سے قدم ملاکر چلے گا ۔وزیراعلی کے اعزاز میں دو روز میں چار استقبالیہ تقریبات نے چینی میڈیا کو بھی حیران کردیا ،عام طور پر چین میں کسی بھی سربراہ مملکت یا بین الاقوامی مہمان کیلئے ایک سے زیادہ استقبالیہ تقریبات اور ملاقاتوں کا اہتمام نہیں کیا جاتا ،مگر کمیونسٹ پارٹی کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ شہباز شریف کے اعزاز میں دو روز میں چار استقبالیہ تقریبات منعقد کی جا چکی ہیں اور وزیر اعلی کی کیمونسٹ پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں اور وزراء سے ملاقاتیں بھی ہوئیں -شہباز شریف کا دورہ چین بین الاقوامی اور علاقائی امور کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے -جبکہ وزیر اعلی پنجاب نے چین کے معروف بینک اے آئی بی کا دورہ کیا تو بینک کے سربراہ نے کہا کہ ہم قرضے دینے کے معاملے میں بہت سخت اورمحتاط ہیں ،مگر آپ کے یہاں آنے سے پہلے ہم نے آپ پر تفصیلی تحقیق کی ہے۔جو منصوبہ بھی آپ لے کر آئیں گے ہم بلا جھجک قرضہ جاری کردیں گے۔جس پرشہبازشریف نے کہاکہ ہم بھی آپکو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔