نارتھ ناظم آباد،ٹارگٹ کلنگ میں ٹریفک پولیس کا سب انسپکٹر جاں بحق

September 26, 2016

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد میں موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے اند ھا دھند فائرنگ کر کے ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر کو شہید کر دیا اور فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شارع نورجہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر 2نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں40سالہ سب انسپکٹر محمد ارشد ولد غلام علی موقع پر شہید ہو گیا۔واردات کےبعد دہشت گرد باآسانی فرار ہو گئے۔ مقتول سب انسپکٹر گلشن معمار کا رہائشی اور نارتھ ناظم آباد ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا۔ جس کی لاش عباسی اسپتال منتقل کی گئی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے نائن ایم ایم پستول سے 5گولیاں چلائیںتاہم مقتول کے جسم کے مختلف حصوں پر 3گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں، جائے وقوعہ سے پولیس کو نائن ایم ایم کے 5خول ملے ہیں۔ پولیس نے نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ دریں اثنا آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے فائیو اسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہےاور ہدا یت کی ہے کہ کرائم سین سے اکٹھا کئے گئے شواہد کی فارنزک تحقیقات کو ممکن بناتے ہوئے ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، آئی جی سندھ نے قاتلوں کی نشاندہی کرنے والوں کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔