ملک بھر میں پولیو کے خلاف مہم کا آغاز ہوگیا

September 26, 2016

ملک بھر میں پولیو کے خلاف مہم کا آغاز ہوگیا، کراچی میں چھ روز اور دیگر شہروں میں تین روز کے دوران5 سال تک کی عمرکے بچوں کو پولیو سے بچاو ٔکی ویکسین دی جائے گی۔

لاہور ،کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں،پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ۔اسلام آباد میں بھی پولیو مہم کا افتتاح ہوگیا۔

کراچی میں 6 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 22 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطر پلائے جائیں گے۔پولیومہم کی سیکورٹی کے لیے5 ہزار اہلکار مامور کیے گئے ہیں۔ مہم کے دوران شہر کی 188 یوسیز میں 12 ہزارپولیو رضاکار22 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے۔

پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئےکمشنر کراچی اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ ضلع غربی سے انسداد پولیو کے قطرے نہ پلوانے کی شکایات موصول ہورہی ہیں جن کے خلاف بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔سفیر انسداد پولیو مہم معروف موسیقار سلمان احمد کا کہنا تھاکہ پولیو کے خاتمے میں ہر ادارہ اپنا کردار ادا کر رہاہےملک بھر کے 37 ملین بچوں کو خوراک پلائی جارہی ہے۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نےپولیو مہم کی سیکورٹی سے متعلق احکامات جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو ہر سطح پر غیر معمولی بنایا جائے۔پولیس کمانڈوز کو پولیو ٹیموں کے ساتھ متحرک رکھا جائے۔ڈی آئی جیز،ایس ایس پیز کوسیکورٹی اقدامات کی نگرانی کا پابند بناتے ہوئےضلعی پیٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کو مؤثر بنایا جائے۔

لاہور میں تین روزہ انسداد پولیو مہم میں 4300 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ، شہر میں 16 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے ، ٹیمیں شہر کی تمام یونین کونسلوں میں گھر گھر جائیں گی اور پانچ سال تک کی عمر کے 16 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے ۔

ڈی سی او لاہور محمد عثمان کاکہنا ہے کہ پولیو ٹیموں کے لیےسیکورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے ہیں جبکہ تمام ٹاؤنز ایڈمنسٹریٹرز پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ڈی سی او نے شہریوں سے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں تعاون کی اپیل کی ہے ۔

⁠پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں 3 روزہ انسداد پو مہم کے دوران 56 لاکھ 12ہزار 800 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو ٔکے قطرے پلائے جائیں گے۔ ایمر جنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو کے کوارڈینٹر کے مطابق پشاور سمیت صوبے بھر میں 3 روزہ انسداد پولیومہم آج سے شروع ہو رہی ہیں ۔

مہم میں 19 ہزار 320 پولیو رضا کار ٹیمیں اور 4 ہزار 240 ایریا انچارج حصہ لے رہے ہیں ۔ پو لیو رضا کا ر ٹیموں میں 16ہزار 749 موبائل ، 1564 فکسڈ م 875 ٹرانزٹ اور 132 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ پولیو رضا کار ٹیموں کی سیکورٹی کے لیے صو بہ بھر میں23 ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے، شہر بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر قائم پولیس چیک پوسٹوں پرسکیورٹی کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئیں ہیں۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں انسداد پولیو کی مہم میں24 لاکھ 75 ہزار389 بچوں کوپولیو سے بچاو ٔکےقطرےپلائےجائیں گے۔ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو کے کوآرڈینیٹر سید فیصل احمد کے مطابق پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلارہے ہیں ، مہم کے لئے5 ہزار182 موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، اس کے علاوہ 866 فکسڈ اور605 ٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی پولیو ٹیمیں موجود رہیں گی،پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لئےخصوصی اقدامات کیےگئے ہیں ۔

چمن پشین ژوب لورالائی ہرنائی موسی خیل قلعہ سیف اللہ سمیت شمالی بلوچستان میں تین روزہ انسداد پولیو مہم میں پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کےلئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، مہم کے دوران ضلع میں پانچ سال عمر تک کے تقریبا ڈیڈھ لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ پاک افغان سرحد پر با ب دوستی پر قطرے پلانے کےلئے خصوصی کاونٹر قائم کیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ہدایت کی ہے کہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور پولیو مہم پر تعینات اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس بھی لازمی مہیا کیے جائیںآئی جی سندھ نے حکام کو ہدایت کی کہ یونین کونسلز کی سطح پر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کو ہر سطح پر غیر معمولی بنایا جائے، پولیس کمانڈوز کو پولیو ٹیموں کے ساتھ متحرک رکھا جائے، ڈی آئی جیز،ایس ایس پیز کو سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کا پابند بنائیں،ضلعی پیٹرولنگ پلان کے مطابق گشت اور اسنیپ چیکنگ کو مؤثر بنایا جائے جبکہ سیکیورٹی پر تعینات افسران ا ورجوانوں کو بلٹ پروف جیکٹس ، ہیلمٹس لازمی فراہم کیے جائیں۔۔

مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے پولیو مہم کا افتتاح کیا،افتتاحی تقریب ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ میں منعقد ہوئی،مہم کے افتتاح کے موقع مئیر اسلام آباد نے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے،پولیو مہم اسلام آباد میں تین روز تک جاری رہے گی،مہم کے دوران1 لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے،پولیو واک میں اسکولوں کے بچوں نے بھی شرکت کی۔

اسلام آباد میںمیر شیخ انصر نے پولیو مہم کے آغاز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھا نے کا فیصلہ کیا ہے، پولیو مہم 26سے 29ستمبر تک جاری رہے گی، پولیو مہم کے لئے اسلام آباد کو 21 زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، پولیو مہم کے لیے 600 ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔اسلام آباد 2000ء سے پولیو فری سٹی ہے،اسلام آباد ہیلتھ سٹی پراجیکٹ کو دو سال میں مکمل کریں گے۔