میٹرک بورڈ، ناظم امتحانات اور سیکریٹری نہ ہونے سے نتائج تاخیر کا شکار

October 05, 2016

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں مستقل ناظم امتحانات اور سکریٹری نہ ہونے کے باعث نویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جب کہ بورڈ کے معاملات بھی شدید متاثر ہیں گزشتہ روز چارج سنبھالنے لنے والے پروفیسر سعید الدین کا تعلیمی بوردز کا تجربہ بھی نہیں ہے۔ گزشتہ ایک ماہ سے چیئرمین کی عدم دستیابی کے باعث درجنوں فائلین چیئرمین کی دستخطوں کی منتظر ہیں جب کہ سرٹیفیکٹس اور مارکس شیٹ کے حصول کا کام بھی سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،اس کے علاوہ میٹرک کے ضمنی امتحانات کے حوالے سے بھی بورڈ کوئی تیاری نہیں کرپایا ہے جس کی وجہ سے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں ناکام ہونےوالے ہزاروں امیدواروں کا سال ضائع ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہےمیٹرک بورڈ کے ناظم امتحانات نعمان احسن کی مدت چند ماہ قبل پوری ہوگئی تھی جب کہ بورڈ کی سکریٹری حور مظہر کو عہدے سے ھٹادیا گیا تھا جس کی وجہ سے یہ دونوں اہم ترین عہدے خالی ہیں اور ان پر قائم مقام افسران تعینات ہیں۔ گزشتہ دو روز سے بورڈ کے چیرمین کے کمرے میں مبارکباد دینے والے افراد کا ہجوم ہے، جنگ نے نویں جماعت کے نتائج کے اجرا کے حوالے سے نئے چیئرمین بورڈ پروفیسر سعیدالدین سے موقف لینے کی کوشش کی بتایا گیا کہ ان کے کمرے میں مبارکباد دینے والے لوگ جمع ہیں اور وہ مصروف ہیں جس پر ان کے موبائل پر فون کیا اور ایس ایم ایس کیا لیکن انھوں نے جواب نہیں دیا۔