سول اسپتال کراچی،ڈاکٹر ذوالفقار سیال کو ایم ایس بنانے کی سفارش

October 21, 2016

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ نے سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمیل احمد صدیقی کو اسپتال سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس پر ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق صوبائی محکمہ صحت نے ڈاکٹر جمیل احمد صدیقی کو ہٹاکرڈی ایچ او ساؤتھ ڈاکٹر ذوالفقار سیال کو سول اسپتال کراچی کا ایم ایس بنانے کا پروپوزل وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کر دیا ہے ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر جمیل احمد صدیقی اس سے قبل 5سال تک سول اسپتال کراچی میں ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (لیبارٹری) کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور سول اسپتال کی اسٹیٹ آف دی آرٹ سینٹرل لیبارٹری انہی کے دور میں قیام میں آئی ۔ جس کے بعد انہیں سندھ گورنمنٹ اسکن ہاسپٹل میں ڈائریکٹر کی حیثیت سے تعینات کر دیا گیا ۔ ان کی اچھی شہرت پر سابق وزیر صحت سندھ جام مہتاب حسین ڈھر نےرواں سال 16فروری کوانہیں سول اسپتال کراچی میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات کیا اور اسپتال کی حالت بہتر بنانے کا ٹاسک دیا ۔ انہوں نے 8ماہ کے دوران اسپتال سے ادویات کی چوری کو تقریباً ختم کیا ،ادویات کی مریضوں تک فراہمی کو یقینی بنایا ،اوپی ڈی میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 6ہزارہوئی ، گھوسٹ ملازمین کے خلاف کاروائی کی گئی ، نیا وارڈ سرجیکل 6قائم کیاگیا جبکہ پہلے سے قائم وارڈوں کی حالت بہتر بنانے سمیت دیگر کئی اہم کام کیے تاہم اب انہیں ہٹایا جارہا ہے جس سے مریضوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی بھی متاثر ہوگی ۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندرو کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریشن میں تبدیلی معمول کا عمل ہے جو پورا سال جاری رہتا ہے ۔