یونس ٹیسٹ سنچری میکرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آگئے

October 22, 2016

ابوظبی (نیوز ایجنسیز ) یونس خان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے کیریئر کی 33 ویں داغ دی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ سنچری میکرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں،ان کے بعد 32 تھری فیگر اننگز کے ساتھ آسٹریلیا کے اسٹیووا کا نمبر آتا ہے۔ ٹیسٹ کی تاریخ میں زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 51 سنچریاں بنا رکھی ہیں، جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے، رکی پونٹنگ 41سنچریوں کے ساتھ تیسرے، کمارسنگاکارا 38 سنچریوں کے ساتھ چوتھے، راہول ڈریوڈ 36سنچریوں کے ساتھ پانچویں جبکہ سنیل گاوسکر، برائن لارا اور مہیلا جے وردھنے 34سنچریاں بنا کر مشترکہ طور پر چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ دریں انہوں نے مصباح کے ساتھ سنچری کی شراکت قائم کی، یہ دونوں کے درمیان 49 اننگز میں یہ پندرہویں سنچری شراکت ہے انہوں نے رکی پونٹنگ اور جسٹن لینگر پر مشتمل آسٹریلوی جوڑی کا شراکت داری میں 14سنچریاں بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ یونس اور مصباح کی جوڑی نے زیادہ سنچری شراکتیں قائم کرنے کے لحاظ سے مشترکہ طور پر پانچویں جوڑی ہونے کا اعزاز پا لیا۔ انہوں نے مشترکہ کاوشوں میں اب تک 3156 رنز جوڑے ہیں جو پاکستانی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے محمد یوسف اور یونس کو پیچھے چھوڑا ہے جنہوں نے مل کر 3137 رنز اسکور کیے تھے۔ ٹیسٹ کرکٹمیں سب سے زیادہ 20 سنچری شراکتوں کا ریکارڈٹنڈولکر اور ڈریوڈ پر مشتمل بھارتی جوڑی کے پاس ہے۔