جنگ گروپ کی لاہور میں پاکستان کی سب سے بڑی ڈریم ہوم ا یکسپو کا آغاز

October 23, 2016

لاہور( نمائندہ جنگ) جنگ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام پاکستان کی سب سے بڑی دو روزہ ڈریم ہوم ا یکسپو 2016کا آغاز گزشتہ روز لاہور ایکسپو سنٹر میں ہوگیا ہے۔ رئیل اسٹیٹ بزنس کی ا س بڑی نمائش کا افتتاح صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کیا۔ ڈریم ہوم ایکسپو میں 40سے زائد پاکستان کے تمام بڑے رئیل اسٹیٹ پراجیکٹس ،ڈویلپرز اور مارکیٹ کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائے جن میں فرنیچر اور ہائوس ہولڈ آئٹمز کی بڑی کمپنی انٹرووڈ، سٹار مارکیٹنگ پرائیویٹ لمٹیڈ، فاسٹ مارکیٹنگ، پاکستان کیبلز، اطہر ایسوسی ایٹس، گرینڈ سکوائر مال، ہارونز، چن ون، ایس اے گارڈنز، حائت ایجنسی، انٹر سیف انرجیز، میو ایسوسی ایٹس، العزیز، وی تھری مارکیٹنگ، چاولہ ایلومینیم، زماکارئیل اسٹیٹ، بسم اللہ ہائوسنگ سنٹر، دی منیجرز گروپ، انڈیگو ڈویلپرز، باس فرنیچرز، ویلیو ایسوسی ایٹس، ماڈل ہائوسنگ، دی منیجرز گروپ، لاہور موٹر وے سٹی ہومز، آئی ٹیم اور ڈومینین سمیت ملک کی دیگر مایہ ناز کمپنیاں شامل ہیں۔ ڈریم ہوم ایکسپو میں لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں سے آنے والے افرد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجبتیٰ شجاع الرحمٰن نے ایکسپو کے تمام سٹالوں کا دورہ کیا اور کمپنیوں کی پراڈکٹس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سٹالز کے دورے کے بعد’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ اتنی بڑی ایکسپو کے انعقاد پر جنگ گروپ مبارکباد کا حقدار ہے۔ انہوں نے کہ رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن بزنس کی بڑی کمپنیوں نے جو سٹالز لگائے ہیں وہ دیکھنے کے لائق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے شہریوں کو چاہئے کہ وہ ایک ہی چھت تلے آئیں اور اس سے استفادہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں شامل کمپنیوں کے پاس کم اور زیادہ بجٹ کے گھر اور فلیٹس دستیاب ہیں جس سے کم آمدنی والا طبقہ کے لوگ مستفید ہوسکتے ہیں۔ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ وفاقی حکومت نے رئیل اسٹیٹ پر جو ٹیکس لگایا تھا وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رئیل اسٹیٹ نمائندوں سے مذاکرات کے بعد اس کی شرح میں کمی کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس لگانا بہتر مستقبل کے لئے ضروری ہے کیونکہ یہ رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جاتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے رئیل اسٹیٹ بزنس پر بہت تھوڑا ٹیکس لگایا گیا ہے جس پر ڈیلروں کو اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تین سال سے زائد خالی پڑے پلاٹس پر ٹیکس لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صرف انوسٹرز پر ٹیکس لگارہی ہے۔جنگ ڈریم ہوم ایکسپو میں شرکت کےلئے آنے والوں میں بذریعہ قرعہ اندازی سونے کی چابیاں تقسیم کی گئیں۔ ایکسپو میں شرکت کرنے والی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں نے اسٹالز کا دورہ کرنے والے افراد کو بذریعہ قرعہ اندازی موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز تقسیم کئے۔جنگ ڈریم ہوم ایکسپو کا وقت ختم ہونے بعد رات گئےتک شرکت کے لئے آنے والے لوگوں کا تانتا بندھا رہاجنہوں نے مختلف اسٹالوں کا دورہ کرکے معلومات حاصل کی اور مختلف آئٹمز خرید کے لئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔