معاشی ترقی میں زراعت کا کردار مسلمہ ہے،اقبال جھگڑا

October 25, 2016

پشاور ( نیوز ڈیسک) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ زراعت کوملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اوراس شعبے میں تحقیق تخصیص کے ذریعے مزید بہتری لانے اور اسے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا زرعی یونیورسٹی اوردیگراعلی تعلیمی وتحقیقی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہاوس پشاورمیں زرعی یونیورسٹی پشاور کے سینٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی ، سیکرٹری اعلی تعلیم ،سیکرٹری زراعت، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرظہور سواتی اورایگریکلچر یونیورسٹی کے سینٹ ممبران اوردیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میںیونیورسٹی کے بجٹ کے سال 2015-16کی منظوری دی گئی،اجلاس میں بجٹ سازی کے معاملات میں مزید بہتری لانے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کافیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کی جانب سے خسارے پرقابو پاتے ہوئے فاضل بجٹ تیارکرنے کے اقدام کو بھی سراہاگیا،گورنر نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی صوبے میں نہایت اہمیت کاحامل اعلی تعلیمی ادارہ ہے اسلئے یونیورسٹی کوزراعت کے شعبے میں تحقیق پرخصوصی توجہ دینا ہوگی جس کا براہ راست تعلق ہماری معیشت سے ہے،گورنرنے زرعی یونیورسٹی کے تحقیقی کام کوسراہا اور کہاکہ یونیورسٹی تعلیمی وتحقیقی معیار میں مزید بہتری لانے پربھی خصوصی توجہ دیں۔