فیض گنج، بھتہ لینے پر 8 افراد کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ

October 25, 2016

خیرپور (بیورو رپورٹ) فیض گنج پولیس نے عدالتی حکم پر 8افراد کے خلاف بھتہ لینے پر دہشت گر دی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ اکری کے رہائشی ممتاز علی شر نے درج کرایا۔ ممتاز علی شر نے اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ سیشن جج کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ علاقے کے بھتہ خور کافی عرصے سے ان سے ان کے بھائی جمال الدین سے بھتہ لیتے رہتے ہیں جس پر وہ سخت پریشان ہیں، حال ہی میں ملزمان ان سے بھتہ لینے آئے اس وقت ا ن کے پاس پیسے نہیں تھے جس پر انہوں نے ان کو بھتہ دینے سے انکار کیا تو ملزمان نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی کی اور نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دیں۔ وہ سخت خوفزدہ ہیں۔ ملزمان کے خلاف دہشت گر دی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور ان کو تحفظ فراہم کیا جائے جس پر عدالت نے فیض گنج تھانے کے ایس ایچ او کو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر نے کا حکم دیا ۔ ممتاز علی شر عدالت کا حکم لیکر فیض گنج تھانے پہنچے اور ایس ایچ او عدالت کا حکم نامہ دیا جس پر 8ملزمان محمد آچر، عبدالجبار ،اشفاق، ارباب،ذوالفقار،عبدالشکور ،زاہداور یوسف شر کے خلاف انسداد دشہت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا تاہم ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی جس پر ممتاز علی شر نے اپنے بھائی جمال الدین کے ہمراہ فیض گنج پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔