رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پرریپ کو دینے پر غور

October 27, 2016

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے چیئرمین محمود مولوی کی سر براہی میں صوبائی وزیر برائے زراعت سہیل انور خان سیال سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں ریپ کی مجلس عاملہ کے اراکین حاجی عبدالرؤف چیپل، عبد الطیف پراچہ ، ندیم پولانی کے علاوہ اندرون سندھ سے آئے ہوئے آباد گار اور رائس ملر ز کے نمائندے بھی شامل تھے۔ ریپ نےچاول کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر مدعو کرنے اور تمام کے مسائل بغور سننے اور اانکے حل کے لئے وزیر زراعت کو خراج تحسین پیش کیا ۔ اس ملاقات میں چاول کے ٹریڈ کی بہتری کے لئے مختلف تجاویز زیر غور آئیں ۔ وزیر زراعت نے بر آمدات کے ذریعے زر مبادلہ فراہم کرنے کی مد میں ریپ کےکر دار کو سراہا اور چاول کے شعبے میں تحقیق و ترقی کے لئے سندھ کے دو رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر ریپ کودینے کیلئے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو اپنی سفارش بھیجنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ چاول کے شعبے میں آر اینڈ ڈی کا کام جو کہ طویل عرصے سے جمود کا شکار ہے اس کو فعال کیا جائے ۔ اسطرح نہ صرف روزگار کے مزید مواقع حاصل ہوں گے بلکہ سندھ کے حالات میں مزید بہتری آئے گی ۔ مزید برآں وزیرزراعت نے آبادگار اور رائس ملر ز کے وفد کو چاول کی کوالٹی بہتر بنانے پر زور دیا کیونکہ جتنا اچھا چاول وہ فراہم کریں گے بر آمدات کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ حاصل ہوسکے گا۔