ڈسپلن وفٹنس پر سوالات کیوں اٹھائے،جنید خان، راشد اور معین پر برہم

October 28, 2016

کراچی (جنگ نیوز) ٹیسٹ کرکٹر جنید خان سابق کپتانوں راشد لطیف اور معین خان کے الزامات پر برہم ہوگئے۔ دونوں سابق کپتانوں نے جنید خان کے ڈسپلن اور ان کی فٹنس پر سوالات اٹھائے تھے۔ جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں میزبان سید یحیٰی حسینی کو انٹرویو دیتے ہوئے فاسٹ بولر جنید خان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑی مجھ پر الزامات کے ثبوت پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ راشد لطیف اور معین خان لیجنڈ کھلاڑی ہیں ، ان کی دل سے عزت کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے بعد سری لنکا اور بنگلہ دیش میں بھی کھیلا ہوں ، اگر ڈسپلن کا ایشو ہوتا تو پی سی بی ضرور وارننگ دیتا۔ جنید خان نے بتایا کہ 2013میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں پاکستان کو میچ بھی جتوایا اگر فٹنس ایشو ہوتا تو ٹیم کا حصہ نہ ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کے پاکستان ٹیم کے منیجر انتخاب عالم اور قومی فزیو سے اس بارے میں پوچھنا چاہیے۔ ایسی باتوں سے مجھ سمیت میری فیملی کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ ابھی میری کافی کرکٹ باقی ہے ، پاکستان ٹیم میں واپسی کے لیے کوشش کررہا ہوں۔ میری عمر اتنی زیادہ نہیں کہ کم بیک نہ کرسکوں۔