عشق کی لازوال داستان”خدا اور محبت“ کا آغاز کل سے ہوگا

October 28, 2016

کراچی (محمد ناصر) شائقین کا انتظار چند گھنٹوں بعد ختم ہونے والا ہے کیونکہ سپر ہٹ سیریل ”خدا اور محبت“ 29اکتوبر بروز ہفتے سے ”جیو ٹی وی “ کی اسکرین پر دھوم مچانے آرہا ہے۔ ہاشم ندیم کے قلم سے تحریر ہونے والے شہرہ¿ آفاق ناول ”خدا اور محبت“ کا سیزن ون 2011ءمیں نشر کیا گیا تھا جسے ناظرین نے اتنا پسند کیا کہ یہ سیریل اپنے اختتام تک ریٹنگ چارٹ پر اول پوزیشن پر رہی ۔ اب اس سیریل کی مکمل ڈرامائی تشکیل ناظرین 29اکتوبر سے ”جیوٹی وی“ پر دیکھ سکیں گے۔ ”خدا اور محبت “ میں کہانی کو اول تا آخر مکمل طور پر بالکل نئے انداز سے پیش کیا جارہا ہے جس میں کہانی اور کرداروں کے علاوہ جدید کیمروں کا شاندار استعمال بھی ہے کیا گیا ہے۔ سیزن ون کے تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے اس با ر اس سیریل کو پاکستان سمیت امریکا کے خوبصورت علاقوں میں شوٹ کیا گیا ہے جس کے خوبصورت نظارے ناظرین اپنے پسندیدہ سیریل کی کئی اقساط میں ملاحظہ کرسکیں گے۔ عشق، محبت، معاشرتی مسائل ، سنجیدگی ، سسپنس اور حقیقت کے رنگ سے سجی سیریل میںاِس بار جدید تکنیک کے ساتھ منجھے ہوئے آرٹسٹوں کی شاندار پرفارمنس بھی دیکھنے کو ملے گی۔ اس بار پہلے سے بھی زیادہ جاندار ڈائیلاگز شامل کئے گئے ہیں جس نے ڈرامے میں مزید نکھار پیدا کردیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی شائقین اس سیریل کی کامیابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔ دوسری طرف ڈرامے کے پروڈیوسر بابرجاوید نے کہا ہے کہ ”خدا اور محبت“ ایک عظیم اور عالمی شہرت یافتہ ناول ہے جس میں کہانی کو مکمل کردیا گیا ہے۔ محبت کہانی ، نئے انداز اور نئے طریقے سے ہر زمانے میں بننی چاہئے تاکہ نئی نسل کو سیکھنے اور سمجھنے کا موقع مل سکے۔ اُنہوں نے بتایا کہ عمران عباس اور سعدیہ خان کو دوبارہ اس سیریل میں شامل کرنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اِن کی جوڑی ڈرامے کے پہلے سیزن میں بہت مقبول ہوئی تھی، عوام اِن کی شاندار اور جذباتی اداکاری سے بھی بہت متاثر تھے۔ ”خدا اور محبت“ میں عمران عباس ، سعدیہ خان اور جان ریمبو (افضل خان) کے علاوہ سینئر فنکار فردوس جمال اور عثمان پیرزادہ بھی اپنے فن کے جلوے دکھائیں گے۔ اِن کے علاوہ جو دیگر آرٹسٹ اِس ڈرامے کا حصہ ہیں اُن میں کبریٰ خان ، صبا فیصل، ہمایوں اشرف، شزرے حسین، حفظہ راشد، نومی شیخ اور دیگر شامل ہیں۔ ڈرامے کے ہدایتکار سید علی رضا(اُسامہ) ہیں جبکہ یہ خوبصورت پیشکش بابر جاوید کی ہے۔ ناظرین اپنے پسندیدہ سیریل ”خدا اور محبت “ ہر ہفتے شب 8 بجے دیکھ سکیں گے۔