فنکار اے نیئر کیلئے بہترین دعائیں!

November 13, 2016

چودہ سالوں تک صوبہ سندھ کی گورنری کرنے والے عشرت العباد کراچی کے گورنر ہائوس کے علاوہ اتنے بڑے اور اہم عہدے سے طویل عرصہ تک نوازنے والے ملک پاکستان کو بھی نئے گورنر کے حلف اٹھانے کی تقریب سے بھی پہلے چھوڑ کر ملک سے باہر چلے گئے جہاں کی شہریت شاید ان کے پاس خفیہ طور پر ہو گی۔ بعض لوگ شبہ کر سکتے ہیں کہ سابق گورنر سندھ کو بغیر پروٹوکول اور زندگی کے تحفظ کے اپنی زندگی غیر محفوظ دکھائی دیتی تھی اور شاید وہ ان لوگوں سے ڈرتے تھے جن کو کبھی ان سے ڈر لگتا ہو گا۔ سندھ کے سابق گورنر عشرت العباد کی بجائے میں آج اپنے ایک بہت ہی پیارے دوست اور مہربان عیسائی مذہب کے پاکستانی شہری، نامور مغنی اور مشہور فنکار آرتھر نیئر(اے نیئر)کی جوانی کی موت پر آنسو بہائوں گا جو ساری زندگی اپنے ملک کے ضرورت مندوں اور عام لوگوں کی مدد کرنے میں اور خوشیاں بکھیرنے میں مصروف دکھائی دیئے اور جن کی انتہائی سریلی آواز ان کے اس دنیا سے چلے جانے کے بعد بھی زندہ رہے گی اور لوگوں کے کانوں میں محبت، پیار، انسانیت اور موسیقی کا رس گھولتی رہے گی۔ فنکار صرف جاتے ہیں مگر ان کا فن سہگل، نور جہاں، نصرت فتح علی خاں کی طرح زندہ رہتا ہے اور قوم اور ملک کا سرمایہ ہوتا ہے ۔کیسے کیسے یادگار نغمے اورگیت ہیں جو اے نیئر کی یاد دلاتے رہیں گے اور وہ وفات پا جانے کے بعد بھی لاکھوں کروڑوں دلوں میں دھڑکتا رہے گا۔مجھے اپنے دوستوں اور عزیزوں کے ساتھ اے نیئر کی متعدد محفلوں میں شریک ہونے کا موقع نصیب ہوا ہے اور ان کی بہت ہی پیاری آواز کا رس پینے کی سعادت بھی نصیب ہوئی ہے ان کا پیار، محبت، سلیقہ اور انتہائی مہذب اور مودب انداز بھلایا نہیں جا سکتا۔کبھی اورکسی بھی حالت میں وہ محسوس ہونے نہیں دیتا تھا کہ اس کی محفل میں کوئی اجنبی شخص بیٹھا ہے ۔یہ بھی کبھی محسوس نہیں ہوا کہ وہ کسی غیر مذہب سے تعلق رکھتا ہے ۔ اے نیئر کہا کرتاتھا کہ دنیا کا سب سے بڑا مذہب انسانیت کا مذہب ہے جب تک کوئی انسانیت کا مذہب اختیار نہیں کرے گا کسی بھی مذہب میں شامل یا شریک سمجھا نہیں جائے گا ۔میری بیماری اور ناسازی طبع کے دوران تین چار مرتبہ ہسپتال اور میرے گھر میں میری تیمارداری کے لئے تشریف لانے والے اس بے بدل فنکار کی طویل علالت کے دوران میں ایک بار بھی ان کی تیمارداری کی سعادت حاصل نہیں کر سکا جس کا مجھے زندگی بھر دکھ اور افسوس رہے گا۔ ایسے فنکار قوموں کو بار بار نصیب نہیں ہوتے جو جاتا ہے اس کی جگہ ویسا ہرگز نہیں آسکتا۔پاکستان کے کروڑوں لوگوں کی طرح میرے دل سے بھی ان کے لئے بہترین دعائیں نکلتی ہیں ۔




.