میجر شبیر شریف شہید کی 45 ویں برسی

December 06, 2016

قوم کے بہادر سپوت میجر شبیر شریف شہید کی 45 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

میجر شبیر شریف 28 اپریل 1943 کو گجرات کے قصبے کنجاہ میں پیدا ہوئے، ان کا خاندان پیشہ سپہ گری میں نمایاں مقام رکھتا ہے ،ان کے ماموں میجر عزیز بھٹی نے 65ء کی جنگ میں داد شجاعت دیتے ہوئے شہادت پائی ۔

دہشت گردی کیخلاف آپریشن میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد حال ہی ریٹائرڈ ہونے والے جنرل راحیل شریف ان کے چھوٹے بھائی ہیں،میجر شبیر شریف نے 6 دسمبر 1971ء کو سلیمانکی سیکٹر میں بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کیا اور ملک کا سب سے بڑا عسکری اعزاز نشان حیدر پایا ۔

لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں شہید کی قبر پر ہر سال پھولوں کی چادر چڑھائی جاتی ہے، فوج کا چاک و چوبند دستہ سلامی پیش کرتا ہے۔

شہید کی موت قوم کی حیات ہے، میجر شبیر شریف جیسےجانثار ، بہادر سپوتوں کی بدولت مملکت خداداد پھلتی پھولتی اور قوم امن ، سلامتی اور ترقی کی راہوں پر آگے بڑھتی رہے گی۔