دوسرا ون ڈے، کپتانی حفیظ کی جھولی میں آگری

January 14, 2017

پہلے ون ڈے میچ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار کپتان اظہر علی دوسرے میچ سے باہر ہوگئے جس کے بعد قومی ٹیم کی کپتانی محمد حفیظ کی جھولی میں آن گری ہے،پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے کل میلبورن میں ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے سے پہلے بڑا جھٹکا لگا ہے، ہیمسٹرنگ انجری کے شکار کپتان اظہر علی غیر معینہ مدت کے لیے ٹیم سے باہر ہوگئے، وہ دوسرے ون ڈے میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

اظہر علی کی ٹیم میں واپسی فٹنس ٹیسٹ سے مشروط ہوگئی، سیریز کے بقیہ تمام میچز میں اب ان کی شرکت مشکوک ہے۔

پاکستان ٹیم کھلاڑیوں کی کمی سے دوچار ہو گئی، دوسرے ون ڈے میں شعیب ملک کی بھی شرکت مشکوک ہے، عرفان اور سرفراز پہلے ہی وطن لوٹ چکے ہیں۔

اتنے کھلاڑی انجرڈ اور باہر ہوئے کہ محمد حفیظ جو ٹیم کی فرسٹ چوائس ہی نہیں تھے، ان کی قسمت چمک گئی، ٹیم میں دوبارہ شمولیت کے بعد دوسرے ہی میچ میں انہیں کپتانی مل گئی۔

کرکٹ ایکسپرٹ سکندر بخت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ محمد حفیظ کی قسمت چمکی ہے، بلکہ ان پر بہت بڑی ذمہ داری آپڑی ہے، اب ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی پرفارمنس کو بہتر کریں اور ٹیم کو جتوانے میں کردار ادا کریں، کرکٹ شائقین حفیظ کو سپورٹ کریں، یہ پاکستان ٹیم کیلئے مشکل وقت ہے۔